پاکستان میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں پر عالمی سطح پر تعزیت اور ہمدردی کا سلسلہ جاری ہے۔ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن، ایرانی صدر مسعود پزشکیان اور سعودی عرب کی وزارتِ خارجہ نے پاکستان کے عوام کے ساتھ دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مشکل وقت میں تعاون اور یکجہتی کی یقین دہانی کرائی ہے۔
روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے صدرِ مملکت آصف علی زرداری کو خط لکھ کر خیبر پختونخوا اور دیگر متاثرہ علاقوں میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں کے لیے نیک تمناؤں کا پیغام دیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔
اسی طرح ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے وزیراعظم پاکستان اور عوام سے اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ایران مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے ہر ممکن مدد کی پیشکش کی اور کہا کہ ایران متاثرہ افراد کی تکالیف کم کرنے کے لیے انسانی و امدادی تعاون فراہم کرنے کو تیار ہے۔ ایرانی صدر نے زخمیوں کی صحت یابی کے لیے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
دوسری جانب سعودی عرب کی وزارتِ خارجہ نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے حکومتِ پاکستان اور عوام سے تعزیت کی۔ بیان میں کہا گیا کہ سعودی عرب اس مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے اور جاں بحق افراد کے لواحقین کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتا ہے۔ سعودی وزارتِ خارجہ نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے مکمل ہمدردی کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ حالیہ بارشوں، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ملک بھر میں بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا ہے۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (NDMA) کے مطابق اب تک 344 افراد جاں بحق جبکہ 148 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔ درجنوں گھر تباہ ہو گئے ہیں اور کھڑی فصلوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔
سیاسی و سفارتی ماہرین کے مطابق روس، ایران اور سعودی عرب کی جانب سے اظہارِ تعزیت اور تعاون کی یقین دہانی اس بات کی علامت ہے کہ عالمی برادری پاکستان کے مشکل وقت میں اس کے ساتھ کھڑی ہے، جو مستقبل میں امدادی سرگرمیوں اور بین الاقوامی تعاون کو مزید تقویت دے گی۔
0 Comments