پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کو مستعفی ہونے کا نہیں کہا، بلکہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال پر تشویش ظاہر کی۔ ایک نجی چینل سے گفتگو میں انہوں نے وضاحت کی کہ پارٹی رہنماؤں عرفان سلیم اور عائشہ بانو کو مستقبل میں کسی اور ذمہ داری پر تعینات کیا جائے گا، اور کسی کو شوکاز نوٹس جاری نہیں ہوا۔ بنی گالہ نیلامی کی خبروں کو انہوں نے بے بنیاد قرار دیا، یہ واضح کرتے ہوئے کہ متعلقہ جائیداد بانی پی ٹی آئی کی ملکیت ہی نہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ تحریک چلانے کے لیے وہ خود کافی ہیں اور بیٹوں کی شرکت ضروری نہیں، تاہم اگر وہ آئیں تو خوش آمدید کہا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ بانی پی ٹی آئی صوبے میں کسی قسم کا آپریشن نہیں چاہتے اور صوبائی حکومت بھی اس مؤقف کی حامی ہے۔ موجودہ گرینڈ الائنس میں 6 جماعتیں شامل ہیں، لیکن پی ٹی آئی اس کا حصہ نہیں بنی۔
0 Comments