وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور میں معرکہ حق مانومنٹ پارک کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملکی دفاع کے لیے جان قربان کرنے والے شہدا کو سلام ہے اور شہدا کے اہلخانہ ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معرکہ حق کی بدولت اس سال جشنِ آزادی کا جذبہ منفرد ہے اور آج کا دن افواجِ پاکستان کے نام کیا جاتا ہے جنہوں نے دشمن کو منہ توڑ جواب دے کر قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔
مریم نواز نے کہا کہ بھارت کے خلاف تاریخی کامیابی کے بعد دنیا کے نقشے پر ایک نیا پاکستان ابھرا ہے۔ اب ہماری جنگ غربت اور فتنہ فساد کے خلاف ہے اور ہم یہ جنگ ضرور جیتیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو معاشی طور پر بھی مضبوط بنایا جائے گا۔ ملکی خودمختاری اور دفاع کے لیے ہم سب سیسہ پلائی دیوار ہیں اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جرات مند قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے رافیل طیارے مار گرائے اور یہ دنیا کے لیے حیران کن لمحہ تھا۔ جنگ جیتنے کے لیے صرف ہتھیار نہیں بلکہ ایمان جیسا جذبہ ضروری ہے۔ مریم نواز نے ایئرچیف اور پاک فضائیہ کو سلام پیش کیا جنہوں نے سپاہیوں کے ساتھ مل کر پاکستان کو تاریخی فتح دلائی۔
اپنے خطاب کے آخر میں انہوں نے سیاستدانوں سے کہا کہ سیاسی اختلافات بھلا کر ملک کا سوچیں اور عزم کریں کہ ہم اپنے وطن کو عظیم سے عظیم تر بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہ جنگ پاکستانی قوم تقسیم ہوکر لڑتی تو کبھی جیت نہ پاتی، لیکن اتحاد نے ہمیں کامیابی دلائی۔
0 Comments