آزاد جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں میں مون سون بارشوں نے تباہی مچا دی ہے۔ ایس ڈی ایم اے کے مطابق شدید بارشوں کے دوران سدھنوتی میں نالہ میں طغیانی سے ایک خاتون جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہوا۔ جہلم ویلی کے نڑ دھجیاں علاقے میں نالہ بپھرنے سے تین دکانیں مکمل تباہ اور ایک گرہٹ کو نقصان پہنچا۔ مچھیارہ میں بھی ندی نالہ بپھرنے سے تین دکانیں متاثر ہوئیں۔
شدید بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ ہوئی جس کے نتیجے میں چار اضلاع کی اہم شاہراہیں بند ہو گئیں، جس سے آمد و رفت میں مشکلات پیدا ہوئیں۔ ایس ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق یکم جون 2025 سے اب تک آزاد کشمیر میں مون سون بارشوں کے دوران 3 شہری جاں بحق اور 11 زخمی ہو چکے ہیں۔ اس دوران 76 مکانات مکمل طور پر تباہ جبکہ 290 مکانات جزوی طور پر متاثر ہوئے ہیں۔ مزید برآں، 33 دکانیں تباہ اور 14 مویشی ہلاک ہوئے ہیں۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ دنوں میں مزید بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ موجود ہے۔ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
0 Comments